ریاض، 25/مئی(ایس او نیوز/ایجنسی)سعودی عرب کی تمام مساجد میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے نئے ضابطوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق بیرونی لاؤڈ سپیکر صرف اذان اور اقامت تک ہی محدود ہوں گے۔ ذرائع سے ملی خبروں کے مطابق وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد ڈاکٹر عبد اللطیف آل الشیخ نے ہدایت دی ہے کہ ملک کی مساجد کے ائمہ اور موذنین اذان اور اقامت کے علاوہ بیرونی لاؤڈ اسپیکر کا استعمال نہ کریں۔ وزارت کی ہدایت کے مطابق تمام مساجد میں بیرونی لاؤڈ سپیکر کی آواز والیوم کی پوری طاقت کے ایک تہائی ہوگی۔
پتہ چلا ہے کہ وزارت اسلامی امور نے تمام ریجنوں اور کمشنریوں میں اپنے ذیلی دفاتر سے کہا ہے کہ ’مساجد میں نئی ہدایات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے‘۔ وزارت کے مطابق مساجد میں لاؤڈ سپیکر کا استعمال بغیر کسی ضابطے کے ہورہا ہے جس کے باعث مساجد کے پڑوس میں واقع گھروں کے رہائشیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘، ’خاص طور پر مریض، معمر اور بچوں کو مساجد سے آنے والی اونچی آوازوں سے تکلیف پہنچ رہی ہے‘۔ ’علاوہ ازیں بے ضابطہ استعمال کی وجہ سے محلے کی مختلف مساجد کے ائمہ کی آوازیں ایک ہی وقت میں اٹھتی ہیں تو ان سے لوگ پریشان ہو جاتے ہیں‘۔